نعیم احمد بلوچ ۶ نومبر ۱۹۶۱ء کو ضلع قصور کے ایک گاؤں رام تھمن میں پیدا ہوئے۔ اسلامیات میں ایم اے پنجاب یونیورسٹی سے کیا۔ ماہ نامہ اشراق کا اجرا ہوا تو ابتدا ہی سے اعزازی طور پر اس سے منسلک رہے۔ ۱۹۸۴ء میں صحافت سے پیشہ وارنہ زندگی کا آغاز کیا۔ مختلف اخبار و جرائد سے منسلک رہے۔ ۱۹۹۴ء کو تعبیر پبلشرز کے نام سے ایک مکتبہ قائم کیا جس کے زیر اہتمام بچوں کے لیے ماہنامہ آنکھ مچولی کا اجرا کیا جو چار برس تک باقاعدگی سے شائع ہوتا رہا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مارچ ۱۹۹۷ء تک آنکھ مچولی کراچی سے گرین گائیڈ اکیڈمی کے تحت شائع ہوتا رہا، بعد ازاں نعیم احمد بلوچ نے اس کے حقوق لے کر دوبارہ اشاعت کا آغاز کیا۔
نعیم احمد بلوچ ۲۰۰۴ء میں سپیریئر کالج سے اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے سے استعفیٰ دے کر المورد کے ساتھ باقاعدہ منسلک ہو گئے۔ اُنھوں نے بچوں اور نوجوانوں کے لیے۲۵ سے زائد کتب لکھی ہیں اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی سے نوجوانوں کے لیے بہترین ادیب برائے سال ۱۹۹۲ء کا ایوارڈ حاصل کیا۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن اسلام آباد سے ۱۹۹۸ء سے ملکی سطح پر مقابلے میں ان کے مسودے کو پہلے انعام سے نوازا گیا۔ عام قارئین کے لیے بھی متعدد ادبی اور تاریخی موضوعات پر کتب لکھ چکے ہیں۔
بچوں کے لیے آپ کی لکھی گئی کتابوں کو دارالسلام پبلشرز نے بڑے اہتمام سے شائع کیا، ان کتابوں میں سنگین مذاق، احساس کے آنسو، اُجالوں کی منزل اور قصہ دو اونٹوں کا شامل ہے۔
معیاری ادبِ اطفال کے فروغ کے لیے بنائی جانے والی ویب سائٹ چراغ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ ہمارے پیشِ نظر پاکستان میں ادبِ اطفال کی تاریخ، تحقیق اور تنقید کو فروغ دے کر نئے رجحانات اور معیارات کی تشکیل ہے۔تاکہ ملکِ عزیز میں ادبِ اطفال روز افزوں ترقی کی جانب گامزن ہوسکے۔مزید براں ادبِ اطفال سے وابستہ مصنّفین اور محققین کے بنیادی کوائف اور منتخب تحریریں اس ویب سائٹ پر ملاحظہ کی جاسکیں گی۔
Chragh ©2023 All rights reserved